ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار میں ڈی سی نے چلائی ووٹنگ لسٹ کی جانچ اور ووٹنگ کی ترغیب دینے والی مہم

کاروار میں ڈی سی نے چلائی ووٹنگ لسٹ کی جانچ اور ووٹنگ کی ترغیب دینے والی مہم

Tue, 26 Feb 2019 20:41:31    S.O. News Service

کاروار26؍فروری (ایس او نیوز) ووٹر لسٹ میں ناموں کی جانچ پڑتال اور عوام کو ووٹنگ کی اہمیت جتانے کے لئے ضلع شمالی کینرا کے نئے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ہریش کمار کے نے ایک انوکھی مہم چلائی اور خود ہی سڑکوں پر سے گزر تے ہوئے عام لوگوں ، کاروباریوں اور مزدوروں وغیر ہ سے کچھ اس طرح کے سوالات کیے: ’’آپ کا نام کیا ہے؟ کیا آپ کا نام ووٹر لسٹ میں موجود ہے؟ کیا گزشتہ بار انتخابات کے دوران آپ نے ووٹ دیا تھا؟اس مرتبہ بھی ضرور ووٹ دینا...‘‘ 

اس بار لوک سبھا الیکشن سے قبل ضلع انتظامیہ، ضلع پنچایت، تعلقہ پنچایت اور ضلع سطح کے ’سویپ‘ کی جانب سے ووٹنگ سے متعلق بیداری کی زبردست مہم چلائی گئی ہے۔اس میں بذات خود ڈپٹی کمشنر اور ضلع پنچایت سی ای او نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔کاروار کے مختلف راستوں سے یہ جلوس پیدل چلتا ہوا گزرا اور پھر میور ورما ویدیکے پر جلسے کے ساتھ اختتام پزیر ہوا۔اس تعلق سے دستخطی مہم کا بھی آغاز کیا گیا۔

اس انتخابی مہم کے ذریعے ای وی ایم اور وی وی پیڈ کس طرح کام کرتے ہیں اس کا عملی مظاہرہ بھی کیا گیا۔ووٹنگ سے متعلق بیداری مہم میں جسمانی طور پر معذورین اپنی تین پہیہ موٹر گاڑیوں کے ساتھ شریک ہوئے۔اس کے علاوہ مختلف محکمہ جاتی افسران، آنگن واڑی اور آشا کارکنان، سماجی و ثقافتی تنظیموں کے ذمہ داران نے بھی پورے جو ش وخروش کے ساتھ ریالی میں حصہ لیا۔ایک اندازے کے مطابق ریالی میں شرکاء کی تعداد ایک ہزار افراد سے بھی زیادہ تھی۔

ای وی ایم اور وی وی پیڈ کے عملی مظاہرے کا افتتاح کرتے ہوئے ضلع سیشنس جج شیو شنکر گوڈا نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کے تناظر میں ہندوستانی الیکشن کمیشن دوسرے ملکوں کے لئے ایک مثال ثابت ہوا ہے۔انہوں نے بھارت الیکٹرانکس کی طرف سے تیار کردہ یہ انتخابی مشینیں صاف و شفاف انتخابی عمل کے لئے قابل بھروسہ اور کارآمد ہیں۔کسی بھی وجہ سے اس میں غلطی ہونے کا امکان ہی نہیں ہے۔اس لئے انتخابات کے موقع پر کچھ لوگ اگر اس کے خلاف بولتے ہیں تو عوام کو اس پر توجہ نہیں دینی چاہیے۔اور ہر کسی کو انتخابات میں اپنے ووٹنگ حق کا استعمال کرتے ہوئے جمہوریت کو کامیاب کرنا چاہیے۔

اس پروگرام میں ڈی سی ڈاکٹر ہریش کمار کے علاوہ ضلع پنچایت سی ای او ایم روشن، سینئر سول جج ٹی گووندیا اور بار ایسوسی ایشن کے سیکریٹری ایس اے قاضی وغیرہ موجود تھے۔


Share: